کیلیفورنیا: یوٹیوب نے اپنے پلیٹ فارم سے آمدنی کمانے کے خواہشمند نئے کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے مونیٹائزیشن کا معیار مزید بلند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ نئے قواعد کے تحت یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شمولیت کے لیے کریئیٹرز کو پہلے کے مقابلے میں دوگنا واچ ٹائم پورا کرنا ہوگا۔
امریکی ٹیکنالوجی ویب سائٹ ٹیک کرنچ کی رپورٹ کے مطابق یہ نئی پالیسی یکم فروری 2027 سے نافذ العمل ہوگی۔ نئے معیار کے تحت کریئیٹرز کو گزشتہ ایک سال کے دوران 8 ہزار گھنٹے کا اہل واچ ٹائم مکمل کرنا ہوگا، جبکہ شارٹس کے ذریعے اہل ہونے کے لیے 90 دن کے اندر 2 کروڑ ویوز حاصل کرنا ضروری ہوں گے۔
اس سے پہلے یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے لیے 365 دنوں میں 4 ہزار گھنٹے واچ ٹائم یا 90 روز کے دوران ایک کروڑ شارٹس ویوز کی شرط موجود تھی۔ تاہم مونیٹائزیشن کے لیے درکار سبسکرائبرز کی کم از کم تعداد میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
نئے کریئیٹرز کو اب بھی کم از کم ایک ہزار سبسکرائبرز حاصل کرنا ہوں گے۔ اس کے بعد واچ ٹائم یا شارٹس ویوز سمیت دیگر تقاضے مکمل کرنے والے کریئیٹرز یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شامل ہونے کے اہل ہوں گے۔
یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ پہلے سے پارٹنر پروگرام کا حصہ بننے والے کریئیٹرز نئی پالیسی سے متاثر نہیں ہوں گے۔
کمپنی کے مطابق پلیٹ فارم پر روز بروز بڑھتے ہوئے مواد اور ناظرین کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے مونیٹائزیشن کی شرائط میں تبدیلی کی گئی ہے۔
یوٹیوب پارٹنر پروگرام اس وقت دنیا بھر میں 30 لاکھ سے زائد کریئیٹرز کو اپنے مواد کے ذریعے آمدنی حاصل کرنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔