لاہور : پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار اور مصنف محمد احمد کے کاسمیٹک فیس ٹریٹمنٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس پر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
محمد احمد نے حال ہی میں ایک ایستھیٹکس کلینک کا رخ کیا، جہاں انہوں نے چہرے کی تازگی اور ساخت میں بہتری کے لیے تھریڈ لفٹ ٹریٹمنٹ کروایا۔ یہ ایک غیر جراحی طریقہ ہے جس میں مخصوص تھریڈز کی مدد سے چہرے کے بعض حصوں کو لفٹ کیا جاتا ہے۔
ٹریٹمنٹ سے قبل ماہرین نے اداکار کے چہرے کا جائزہ لیا اور ان مقامات کی نشاندہی کی جہاں پروسیجر کیا جانا تھا۔ محمد احمد نے اپنے تجربے کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ عمل زیادہ تکلیف دہ محسوس نہیں ہوا اور وہ پورے وقت آرام دہ رہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ٹریٹمنٹ کے بعد انہیں اپنے چہرے میں نمایاں تازگی محسوس ہوئی۔ انہوں نے مستقبل میں کسی مزید کاسمیٹک ٹریٹمنٹ کی صورت میں اس کا تجربہ مداحوں کے ساتھ شیئر کرنے کا بھی عندیہ دیا۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے مختلف تبصرے کیے۔ کچھ نے محمد احمد کے فیصلے کو سراہا، جبکہ بعض کا مؤقف تھا کہ عمر کے قدرتی اثرات بھی اپنی جگہ خوبصورت اور باوقار ہوتے ہیں۔