Wed, September 16, 2026

پاکستان نے بھارتی ’ایٹمی بلیک میل‘ کے الزامات کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دے دیا

پاکستان نے بھارتی ’ایٹمی بلیک میل‘ کے الزامات کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دے دیا

اسلام آباد :پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے ’ایٹمی بلیک میلنگ‘ کے دعووں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الزامات نہ صرف بے بنیاد ہیں بلکہ ایک گمراہ کن اور خود ساختہ بیانیہ کا حصہ ہیں۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ بھارت بار بار حقائق کو مسخ کر کے بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹانے کی کوشش کرتا ہے۔ پاکستان طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کی شدید مخالفت کرتا ہے اور بھارت کا جنگی رویہ غیر منطقی اور بے بنیاد الزامات کو جنم دیتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہے جس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول مکمل سول انتظامیہ کے تحت ہے اور ہمیشہ ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کوششیں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں اور ہماری سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف مضبوط دفاع ہیں۔

ترجمان نے بھارت کی جانب سے تیسرے ممالک کو ملوث کرنے کی کوشش کو سفارتی ناکامی اور اعتماد کی کمی قرار دیا۔ پاکستان نے کہا کہ وہ عالمی برادری کا ذمہ دار رکن رہتے ہوئے امن پسند رویہ اپنائے گا، لیکن کسی بھی بھارتی جارحیت یا پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ کشیدگی کی تمام ذمہ داری بھارتی قیادت پر ہوگی۔

ٹیگز: