Wed, September 16, 2026

کیش لیس معیشت کی طرف منتقلی سے پاکستان کی گورننس بہتر ہو گی ، شہباز شریف

 کیش لیس معیشت کی طرف منتقلی سے پاکستان کی گورننس بہتر ہو گی ، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کیش لیس معیشت کی طرف منتقلی سے نہ صرف پاکستان کی گورننس بہتر ہو گی بلکہ کرپشن میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کیش لیس معیشت کے اہداف کو طے شدہ وقت میں حاصل کرنا ضروری ہے۔

وزیراعظم کی زیرِ صدارت کیش لیس معیشت کے اقدامات پر ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومتی اقدامات پر پیش رفت کی تفصیلات شیئر کی گئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کو کیش لیس بنانے کے اقدامات پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے انتہائی اہم ہوں گے اور اس مقصد کے لیے دیہی علاقوں میں عوامی آگاہی بڑھانا ضروری ہے تاکہ غیر رسمی معیشت کا خاتمہ ہو سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں ڈیجیٹل معیشت کی طرف تیزی سے پیشرفت ہو رہی ہے اور پاکستان کو بھی اس رجحان کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ڈیجیٹل نیشن بنانے کے لیے حکومتی اقدامات پہلے ہی شروع ہو چکے ہیں، اور ان کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ رمضان کے دوران مستحق افراد کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے پیسے دیے گئے، جو کہ ایک تاریخی قدم تھا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اب بجلی اور گیس کے بلز کی ادائیگی کے لیے کیو آر کوڈز متعارف کرائے گئے ہیں، جس سے بلوں کی ادائیگی کا عمل ڈیجیٹل ہو گیا ہے۔ وزیراعظم کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ایک کروڑ ڈیجیٹل والٹس پر کام جاری ہے، اور یہ والٹس رواں ماہ کے آخر تک مکمل طور پر فعال ہو جائیں گے۔

اسلام آباد میں سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے ایک موبائل ایپلی کیشن کو راست کے ساتھ جوڑا گیا ہے، جس سے ادائیگیاں آسان اور تیز تر ہو گئی ہیں۔ مزید برآں، حکومت نے نئے کاروبار شروع کرنے کے لیے لائسنس کو ڈیجیٹل ادائیگیوں سے مشروط کر دیا ہے اور ملک بھر میں ڈیجیٹل بینک قائم کرنے کے لیے لائسنس جاری کیے جا رہے ہیں۔

ٹیگز: