لاہور / اسلام آباد:پاکستان کے بیشتر علاقے ان دنوں قیامت خیز گرمی اور شدید لو کی لپیٹ میں ہیں، جہاں سورج کے آگ اگلنے سے کئی شہروں میں پارہ ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے کئی حصوں میں سورج سوا نیزے پر آچکا ہے اور ہیٹ ویو کی شدت برقرار ہے۔
تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، بلوچستان کا شہر سبی 49 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین مقام رہا، جبکہ سندھ کا ضلع دادو 48 ڈگری کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اسی طرح سکھر اور تربت میں بھی شدید ترین تپش ریکارڈ کی گئی جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔
میدانی اور دیگر بڑے شہروں کی صورتحال کچھ یوں رہی۔ بنوں، ڈی آئی خان، نوابشاہ اور سرگودھا،شدید لُو کے باعث پارہ 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور، اٹک، ڈی جی خان، جہلم اور ساہیوال میں تپش کی شدت 44 ڈگری تک پہنچ گئی۔
پشاور، حیدرآباد، فیصل آباد اور ملتان: ان شہروں میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت 42 ڈگری اور جڑواں شہر راولپنڈی میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گرمی کی یہ لہر پہاڑی علاقوں تک بھی پھیل چکی ہے، جہاں مظفرآباد اور چلاس جیسے شہروں میں بھی پارہ 40 ڈگری کو چھو گیا ہے۔ شدید گرمی کے باعث بازاروں اور سڑکوں پر ہو کا عالم ہے اور شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی تاکید کی جا رہی ہے۔