Wed, September 16, 2026

پاکستان اور بنگلہ دیش کا سائبر کرائمز کے خلاف مشترکہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور بنگلہ دیش کا سائبر کرائمز کے خلاف مشترکہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے سائبر کرائمز، آن لائن فراڈ اور دیگر جدید جرائم کی روک تھام کے لیے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

بات چیت کے دوران ایران، امریکہ تنازع اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا، جبکہ خطے میں امن، استحکام اور سفارتی روابط کے فروغ کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل نے خطے میں امن کے قیام کے لیے قابلِ قدر اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور نئے تعاون کے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

ٹیگز: