لاہور : پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے محفوظ بسنت کے کامیاب انعقاد پر وزیراعلیٰ مریم نواز اور عوام کو سراہا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ لاہور کے آسمان پر رنگوں کا واپس آنا اور بسنت کا کامیاب انعقاد، پنجاب کی قیادت اور عوام کی مشترکہ محنت کا ثمر ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور کے شہریوں نے محفوظ بسنت منا کر ایک بہترین مثال قائم کی کہ جب سب لوگ مل کر ایک مقصد کے لیے کام کرتے ہیں، تو وہ ناممکن کو بھی ممکن بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی دو سال کی محنت کو تسلیم کیا، جس سے لاہور کی فضائی آلودگی میں کمی آئی اور شہر کو صاف اور صحت مند فضا میسر ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں فضائی آلودگی کے خاتمے کی جو جنگ لڑی گئی، اس میں پنجاب کے تمام شعبوں اور لوگوں نے بھرپور تعاون کیا، جس کے نتیجے میں لاہور کی ایئرکوالٹی بہتر ہوئی۔ مریم اورنگزیب کے مطابق، یہ کامیابی وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن اور عوام کی محنت کا نتیجہ ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں، اور عوام کے ساتھ مل کر، پنجاب کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔