Wed, September 16, 2026

افغان مہاجرین ریاستی مفادات کے خلاف استعمال ہو رہے ہیں، اب بات چیت ناگزیر ہے: خواجہ آصف

افغان مہاجرین ریاستی مفادات کے خلاف استعمال ہو رہے ہیں، اب بات چیت ناگزیر ہے: خواجہ آصف

اسلام آباد:وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان گزشتہ کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے، لیکن اب بعض عناصر ریاستِ پاکستان کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث پائے جا رہے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان بھائیوں کے لیے اپنے دروازے کھولے، انہیں پناہ، خوراک، تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کیں، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ اس معاملے پر سنجیدگی سے نظرثانی کی جائے۔

انہوں نے کہا، "یہ مہاجرین ہماری زمین پر رہ کر ہمارا ہی نظام استعمال کرتے ہیں، لیکن افسوس کہ ان میں سے کچھ دشمن کے بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں۔ اب بہت ہو چکا ہے، ہمیں افغانستان سے بات کرنا ہو گی۔"

وزیر دفاع نے ایوان کو آگاہ کیا کہ حکومت کی جانب سے ایک وفد کو کابل بھیجنے کی تجویز دی گئی ہے، جو افغان حکام سے براہ راست بات چیت کرے گا تاکہ معاملات کو واضح کیا جا سکے۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی قومی سلامتی اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں، اور ملک اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔

ٹیگز: