اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور ایران کے وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ایران کے خبر رساں ادارے "وانا" کے مطابق، دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ ایرانی وزیرِ خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو مذاکرات کا عمل جاری رکھنا چاہیے تاکہ اختلافات کا پرامن حل نکل سکے۔ ایران نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور خطے میں استحکام لانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔
عباس عراقچی نے دونوں ممالک کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔
پاکستانی وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے حالیہ مذاکرات اور ان میں پیشرفت کے بارے میں ایرانی وزیرِ خارجہ کو آگاہ کیا اور کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل بات چیت ضروری ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس طرح کے مشاورتی رابطے آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ خطے کی صورتحال پر بہتر فیصلے کیے جا سکیں اور امن کی کوششیں تیز کی جا سکیں۔