Wed, September 16, 2026

موسم کی شدت میں اضافہ: بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری

موسم کی شدت میں اضافہ: بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری

اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسمی شدت بڑھنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج سے 12 مئی کے درمیان کشمیر، پنجاب کے شمالی و مشرقی علاقے، خیبرپختونخوا، بلوچستان کے شمال مشرقی و جنوبی اضلاع اور سندھ کے جنوب مشرقی حصے میں تیز ہواؤں، گرج چمک، ژالہ باری اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خراب موسم کے باعث درختوں کے گرنے، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز اور دیگر کمزور تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور مضافاتی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جہاں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ ژالہ باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پنجاب کے شہروں بشمول راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان، جھنگ، ڈی جی خان اور دیگر علاقوں میں بھی موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے اضلاع جیسے چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، پشاور، بنوں، کوہاٹ، وزیرستان وغیرہ میں بھی بادل برسنے اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے کئی علاقوں میں بھی گرج چمک اور بارش متوقع ہے، جن میں کوئٹہ، خضدار، قلات، ژوب، نوشکی وغیرہ شامل ہیں۔

سندھ کے کچھ اضلاع جیسے تھرپارکر، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص میں جھکڑ اور بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کے ساتھ ژالہ باری کے امکانات موجود ہیں۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

ٹیگز: