واشنگٹن : واشنگٹن سے جاری بیان میں نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی ممکنہ جنگ میں شامل نہیں ہوگا۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکہ ایسی جنگ میں نہیں پڑے گا جس کا اس سے براہِ راست کوئی تعلق نہ ہو۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکہ دونوں ممالک کو صرف مشورہ دے سکتا ہے کہ کشیدگی کم کریں، لیکن یہ نہیں کہا جا سکتا کہ وہ جنگ بند کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی تشویش کی بات ضرور ہے، لیکن امریکہ کسی بھی فریق پر دباؤ ڈالنے یا فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو مسئلہ سفارتی طریقے سے حل کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ دونوں ممالک سے رابطے میں ہیں اور تنازع کو بڑھنے سے روکنے کی کوشش جاری ہے۔
یہ مؤقف ایسے وقت پر آیا ہے جب پاک بھارت تعلقات میں تناؤ بڑھ رہا ہے، اور دنیا بھر میں اس صورتحال پر تشویش پائی جا رہی ہے۔ امریکا کے بیان سے واضح ہے کہ وہ اس معاملے میں صرف بات چیت کے ذریعے امن قائم رکھنے کی کوشش کرے گا، براہ راست مداخلت نہیں کرے گا۔