اسلام آباد :وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ کی پیشکشی کے لیے پارلیمانی عمل کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس بلانے کی سمری صدرِ پاکستان کو ارسال کر دی ہے۔
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کے مطابق، پارلیمنٹ کا یہ اہم ترین بجٹ سیشن کل سے شروع ہو رہا ہے، جس میں وفاقی بجٹ 12 جون کو ایوان میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
سینیٹ کا اجلاس کل شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس کل ہی شام 5 بجے طلب کیا گیا ہے۔
پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ کل ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت بجٹ سے قبل بعض اہم ترین قانونی مسودات ایوان میں پیش کر سکتی ہے، جس کے باعث کل کا سیشن انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
صدرِ مملکت کی جانب سے سمری پر دستخط ہوتے ہی دونوں ایوانوں کے اجلاسوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا، جس کے بعد مالیاتی بل کی منظوری کا باقاعدہ عمل شروع ہو جائے گا۔