لاہور: پنجاب حکومت نے خواتین مسافروں کے لیے میٹرو بس سروس میں سفری سہولیات بہتر بنانے کے سلسلے میں اہم قدم اٹھاتے ہوئے پانچ خصوصی بسیں عارضی طور پر سروس میں شامل کر دی ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کے مطابق یہ بسیں رش کے اوقات میں میٹرو بس روٹ پر چلائی جائیں گی تاکہ خواتین کو زیادہ محفوظ، آرام دہ اور باوقار سفری ماحول فراہم کیا جا سکے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر یہ فیصلہ خواتین کو ہجوم کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور ہراسگی کے خدشات سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فی الحال سپیڈو بسوں کو عارضی طور پر اس مقصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، تاہم آئندہ خواتین کے لیے نئی میٹرو بسیں خرید کر مستقل بنیادوں پر مختص کی جائیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین مسافروں کی سہولت، تحفظ اور بہتر سفری تجربے کو یقینی بنانے کے لیے مستقبل میں بھی مزید اقدامات کیے جائیں گے تاکہ انہیں پبلک ٹرانسپورٹ میں زیادہ محفوظ اور پُراعتماد ماحول میسر آ سکے۔