لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت فیسٹیول کے کامیاب انعقاد اور صوبے بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی کال کی ناکامی پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے غیور عوام نے منفی رویوں کی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ بسنت پنجاب کی ثقافت کا اہم حصہ ہے جسے 25 سال بعد دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کا جوش: پہلی بار "جین زی" (Gen Z) نے کھلی فضا میں بسنت منائی اور لاہور کی ہر چھت پر فیملیز موجود تھیں۔ شہریوں نے بسنت ایس او پیز پر مکمل عمل کر کے میرا مان رکھا، جس پر میں انہیں سلیوٹ پیش کرتی ہوں۔ بیرون ملک سے آئے مہمانوں نے بھی بھرپور شرکت کی اور قوانین کی پابندی کی۔
وزیراعلیٰ نے بسنت کے معاشی اور سفری اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ بسنت کے دوران لاہور میں اربوں روپے کا کاروبار ہوا۔ 10 لاکھ سے زائد گاڑیاں لاہور میں داخل ہوئیں، جس سے سیاحت کو فروغ ملا۔حکومت نے 26 لاکھ افراد کو مفت ٹرانسپورٹ فراہم کی، جبکہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے 14 لاکھ سیفٹی راڈز مفت تقسیم کیے۔
مریم نواز نے اپوزیشن کی ہڑتال کی کال کو "زیرو ہڑتال" قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے جلاؤ گھیراؤ اور فتنہ و فساد کے کلچر کو مسترد کر دیا ہے۔ ارب پتی لوگ اپنی سیاست کے لیے غریب کا چولہا ٹھنڈا کرنا چاہتے تھے، لیکن عوام نے شٹر ڈاؤن کی کال پر کریک ڈاؤن کر کے اسے مکمل ناکام بنا دیا۔
وزیراعلیٰ نے اسلام آباد (ترلائی) میں ہونے والے خودکش دھماکے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سانحے کے سوگ میں حکومت نے اپنی تمام سرکاری تقریبات منسوخ کر دی تھیں۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔