اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے فلسطین کے لیے مزید امدادی سامان بھیج دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق، اس امدادی سامان کی کھیپ 100 ٹن پر مشتمل ہے، اور یہ 28ویں کھیپ ہے جو الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے بھیجی گئی۔ خیموں پر مشتمل یہ سامان لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے خصوصی پرواز کے ذریعے روانہ کیا گیا ہے۔
اب تک 28 کھیپوں کے ذریعے فلسطین کے لیے مجموعی طور پر 2727 ٹن امدادی سامان بھیجا جا چکا ہے۔ اس سامان کی روانگی کی تقریب میں وزیرِ ہاؤسنگ پنجاب، میاں بلال یاسین، مہمانِ خصوصی تھے، اور تقریب میں این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ کے افسران، حکومتی نمائندگان اور الخدمت فاؤنڈیشن کے ارکان بھی شریک ہوئے۔
پاکستان کی حکومت اور عوام اس مشکل وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی ضروریات پوری کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔