لاہور : سپیریئر یونیورسٹی کے زیر اہتمام ملک کی سب سے بڑی انٹرپرینیوریل ایکسپو "سی پاکستان" کا لاہور میں شاندار انعقاد ہوا، جس میں ملک بھر سے نوجوان اور اسٹارٹ اپس نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب سے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کے لیے ایک اہم موقع ہے جو ان کے کاروباری جذبے کو پروان چڑھانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے کہا کہ "سی پاکستان ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو وقت کے ساتھ ملک بھر میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کا ذریعہ بن چکا ہے۔ ہمارا مقصد نوجوانوں کو صرف تعلیم نہیں بلکہ خود مختاری کی راہ دینا ہے تاکہ وہ ملک کی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔"
انہوں نے بتایا کہ اس سال سی پاکستان کا آغاز اپریل میں ورلڈ اسٹارٹ اپ چیمپئن شپ سے ہوا، جس میں 118 یونیورسٹیوں کے طلبہ اور 200 سے زائد بین الاقوامی اسٹارٹ اپس نے حصہ لیا۔ مجموعی طور پر 2815 اسٹارٹ اپس نے رجسٹریشن کروائی۔
تقریب میں 100 بہترین اسٹارٹ اپس کی نمائش کی گئی، جس میں 40 فیصد سے زائد خواتین نے شرکت کر کے خواتین کی بڑھتی ہوئی انٹرپرینیوریل صلاحیتوں کو نمایاں کیا۔
پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے اسٹارٹ اپ کو 5 لاکھ روپے اور دوسرے نمبر پر آنے والے کو 2 لاکھ روپے انعامی رقم دی جائے گی۔ پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے چیئرمین ایپ سپ، پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس موقع کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا۔