اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان ایک اہم مشاورتی ملاقات ہوئی، جس میں خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی ثالثی میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اب تک کی کوششوں کے نتیجے میں فریقین کے مابین کشیدگی میں آنے والی کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ خطے کا مفاد مستقل جنگ بندی اور امن کے قیام میں ہے، لہٰذا تمام فریقین کو چاہیے کہ وہ اس مثبت ماحول کو برقرار رکھیں۔
سول اور عسکری قیادت نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان دونوں فریقین کو پرامن مذاکرات کے ذریعے کسی حتمی اور دیرپا معاہدے تک پہنچنے کے لیے ہر ممکن تکنیکی، سفارتی اور اخلاقی تعاون فراہم کرتا رہے گا۔ فریقین کی جانب سے اب تک دکھائے گئے صبر و تحمل کو سراہا گیا، جو امن کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
وزیراعظم نے امن عمل میں شامل تمام شراکت داروں کے عزم کی تعریف کی اور انہیں نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔ انہوں نے متعلقہ وفود کو ایک بار پھر پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ انہیں پاکستان کی جانب سے اعلیٰ ترین سطح کی توجہ اور مکمل ریاستی تعاون حاصل رہے گا۔