لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صوبے کے صحت کے شعبے کو عالمی معیار کے مطابق جدید بنایا جا رہا ہے، جس کے لیے چینی تجربات اور مہارت سے استفادہ کیا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ ووہان یونیورسٹی، تائی پنگ ہیلتھ اور دیگر چینی اداروں نے پنجاب میں ہیلتھ انشورنس کے شعبے میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ چینی اداروں کے تعاون سے پنجاب کے ہیلتھ انشورنس نظام کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان مشترکہ نیورو سرجری تربیتی مرکز ووہان میں قائم کیا گیا ہے، جو طبی شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دے گا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ چینی ہیلتھ انشورنس کمپنیوں کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھا کر پنجاب کے ہیلتھ انشورنس سیکٹر میں مزید بہتری لائی جائے گی اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔