اسلام آباد : پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک بڑا معاہدہ ہوا ہے، جس کے تحت امریکی کمپنی یو ایس سٹریٹجک میٹلز نے پاکستان کے ساتھ متعدد مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے ہیں۔ ابتدائی طور پر اس معاہدے کے تحت 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ معاہدہ وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں ہوا، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزرا نے بھی شرکت کی۔ امریکی کمپنی اہم اور نایاب معدنیات (کریٹیکل منرلز) کی تلاش اور استعمال میں مہارت رکھتی ہے، جنہیں امریکی محکمہ توانائی نے جدید صنعتوں کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔
پاکستان میں تانبے، سونے، اینٹیمونی اور ٹنگسٹن سمیت کئی قیمتی معدنیات کے ذخائر کی بریفنگ امریکی وفد کو دی گئی۔ اس موقع پر معدنیات اور لاجسٹکس کے شعبوں میں تعاون کے لیے دو اہم ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔
فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور امریکی کمپنی کے درمیان ایک تاریخی معاہدے کے تحت پاکستان میں جدید پولی میٹلک ریفائنری قائم کی جائے گی، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ ملے گا۔
مزید برآں، این ایل سی اور ایک امریکی کمپنی نے لاجسٹکس اور تعمیرات کے شعبے میں تعاون کے لیے بھی ایم او یو پر دستخط کیے، جس سے طویل المدتی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔
یہ معاہدہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔