اسلام آباد سپریم کورٹ کے چار ججز نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ کر سپریم کورٹ رولز 2025 کی بذریعہ سرکولیشن منظوری پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور فل کورٹ اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔
خط میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ انہیں 3 ستمبر 2025 کو فل کورٹ اجلاس کے لیے آگاہ کیا گیا تھا، جس کا مقصد رولز میں ترامیم پر بات چیت کرنا تھا، تاہم ان ججز کے مطابق اجلاس کے حوالے سے ان کے تحفظات پہلے بھی کئی بار سامنے آ چکے ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ رولز 2025 کو فل کورٹ اجلاس میں پیش نہیں کیا گیا اور نہ ہی باقاعدہ منظوری حاصل کی گئی، جبکہ آئین کے آرٹیکل 191 کے تحت سپریم کورٹ کو اپنے رولز بنانے کا اختیار حاصل ہے جو ادارہ جاتی طور پر استعمال ہوتا ہے۔
چاروں ججز نے کہا ہے کہ فل کورٹ کی منظوری کے بغیر رولز کی سرکولیشن قانونی طور پر قابل قبول نہیں ہو سکتی، اس لیے انہوں نے فل کورٹ اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔