تل ابیب : غزہ جانے والے امدادی بحری قافلے “فریڈم فلوٹیلا” پر اسرائیلی بحریہ نے حملہ کیا اور تین کشتیوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ یہ حملہ اسرائیلی ناکہ بندی کے مقام سے تقریباً 120 ناٹیکل میل دور انٹرنیشنل پانیوں میں کیا گیا۔
فلوٹیلا کے منتظمین نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ اچانک اسرائیل نے ان کے قافلے پر حملہ کیا اور کئی جہازوں پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔ حملے کے بعد ان کی لائیو نشریات بھی منقطع کر دی گئیں۔
دوسری طرف، اسرائیلی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کشتیوں پر سوار تمام افراد محفوظ ہیں اور انہیں جلد اسرائیلی بندرگاہ منتقل کرکے ان کے اپنے ملک واپس بھیج دیا جائے گا۔
یہ حملہ اس وقت ہوا ہے جب چند دن پہلے بھی اسرائیل نے غزہ کے لیے امدادی بحری قافلے “گلوبل صمود فلوٹیلا” پر حملہ کیا تھا، جس میں 500 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان میں پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد بھی شامل تھے، جنہیں بعد میں رہا کر دیا گیا۔
یہ واقعات عالمی برادری میں شدید تشویش کا باعث بنے ہیں اور امدادی مشنوں کی حفاظت کے لیے مطالبات اٹھائے جا رہے ہیں۔