Wed, September 16, 2026

ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں سیز فائر کی کوششیں، وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو مشاورت کے لیے بلا لیا

ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں سیز فائر کی کوششیں، وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو مشاورت کے لیے بلا لیا

اسلام آباد :  وفاقی سطح پر اتحادی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان بڑھتی سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو اہم مشاورتی اجلاس کے لیے طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب اور سندھ کی سیاسی صورتحال اور دونوں صوبوں کی حکومتوں کے درمیان پیدا ہونے والے تناؤ پر بات چیت کی جائے گی۔ وزیراعظم کو قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے حالیہ واک آؤٹ سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما وزیراعظم کو پیپلز پارٹی کے تحفظات اور خدشات سے آگاہ کریں گے، جب کہ آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی تاکہ سیاسی ماحول کو ٹھنڈا کیا جا سکے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے۔

ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے محسن نقوی کو پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان بڑھتی کشیدگی کم کرنے اور سیاسی تعلقات میں بہتری لانے کا ٹاسک دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز محسن نقوی نے بلاول ہاؤس کراچی میں صدر آصف زرداری سے ملاقات کی تھی، جس میں سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کے درمیان اختلافات سمیت مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے وزیر داخلہ کو ہدایت دی کہ وہ “موجودہ سیاسی صورتحال میں مفاہمت اور تعاون کا کردار ادا کریں تاکہ دونوں جماعتوں کے درمیان افہام و تفہیم بحال ہو سکے۔”

ٹیگز: