اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے، جس میں میزائل کے ملبے کی زد میں آکر دو پاکستانی شہری جاں بحق ہو گئے، پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اپنے بیان میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا غم کی اس گھڑی میں ہمارے دل سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ ہم ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔"
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔
رپورٹس کے مطابق، وزیراعظم نے متعلقہ حکام اور پاکستانی سفارت خانے کو ہدایت کی ہے کہ جاں بحق ہونے والے شہریوں کے لواحقین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔ میتوں کی جلد از جلد وطن واپسی کے لیے تمام قانونی اور سفارتی ضابطے فوری طور پر مکمل کیے جائیں۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں کشیدگی کی لہر برقرار ہے۔ وزیراعظم کے بیان نے پردیس میں مقیم پاکستانیوں کی حفاظت اور ان کے خاندانوں کے ساتھ حکومتی وابستگی کو اجاگر کیا ہے۔