لاہور: جہاں ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کی خوشیاں منائی جا رہی ہیں، وہیں مختلف شہروں میں المناک حادثات نے کئی گھروں میں صفِ ماتم بچھا دی۔ لیہ، ڈی آئی خان، گھوٹکی اور ننکانہ صاحب کے ٹریفک حادثات میں 10 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
لیہ میں ایک ہی خاندان کے افراد پر قیامت ٹوٹ پڑی جب زائرین کی بس الٹنے سے 2 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہو گئے، جن میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔ بس لاہور سے کروڑ لعل عیسن جا رہی تھی۔
ڈی آئی خان میں درازندہ کے مقام پر کار گہری کھائی میں گرنے سے 2 بھائیوں اور ایک معصوم بچے سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ننکانہ صاحب میں تیز رفتاری نے ایک اور جان لے لی، جب کار درخت سے ٹکرا گئی، 2 افراد زخمی۔
گھوٹکی میں نیند کے جھونکے نے ڈرائیور اور ٹرک سواروں کی جان خطرے میں ڈال دی۔ موٹروے پر بھاری ٹرک الٹ گیا، 3 افراد جاں بحق، 12 زخمی ہوگئے۔