لندن : مضحکہ خیز گلوکار چاہت فتح علی نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پہلے میوزک کی اکیڈمی بنائی تھی اور اب اسی جگہ اداکاری کی کلاسز بھی شروع کر دی ہیں۔ ان کا مقصد نئے فنکاروں کو پلیٹ فارم فراہم کرنا اور ان کی بہتر تربیت کرنا ہے تاکہ وہ انڈسٹری میں کامیاب ہو سکیں۔
چاہت نے کہا کہ انہیں ہمیشہ سے انٹرٹینمنٹ میں دلچسپی رہی اور دس سال پہلے انہیں احساس ہوا کہ یہی ان کا اصل شعبہ ہے۔ ان کی محنت، لگن اور دعاؤں نے انہیں آج اس مقام تک پہنچایا ہے۔
اکیڈمی میں آنے والے فنکاروں کو سب سے پہلے ان کا لب و لہجہ بہتر بنایا جائے گا اور انہیں اردو، انگریزی اور پنجابی زبانیں سکھائی جائیں گی کیونکہ اداکاری کے لیے ان زبانوں پر عبور بہت ضروری ہے۔
چاہت نے کہا کہ وہ اپنی اکیڈمی کے فنکاروں کو سوشل میڈیا پر بھی فروغ دیں گے اور امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں بڑے فلم ساز خود ان سے رابطہ کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتی کہ کچھ گلوکار ان سے کیوں نالاں ہیں، حالانکہ وہ صرف محنت اور لگن پر یقین رکھتے ہیں۔
چاہت فتح علی نے بتایا کہ انہوں نے دو سال پہلے ایک فلم کی تھی اور ان کی نئی فلم "دی ڈارلنگ" اس سال کے آخر میں پاکستان کے تقریباً 50 سینما گھروں میں نمائش کے لیے آئے گی۔