Wed, September 16, 2026

خیبرپختونخوا میں حکومت کی تبدیلی کا امکان: امیر مقام کا دعویٰ

خیبرپختونخوا میں حکومت کی تبدیلی کا امکان: امیر مقام کا دعویٰ

پشاور : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں حکومت کا تبدیل ہونا بعید از قیاس نہیں۔ مناسب وقت پر اکثریت حاصل کرکے دکھائیں گے کہ مضبوط اپوزیشن اتحاد 53 اراکین کی تعداد کے ساتھ صوبے کی سیاسی صورتحال کو تبدیل کرسکتا ہے۔

انہوں نے یہ بات صوابی میں ن لیگ خیبرپختونخوا کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری حاجی دلدار خان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے لیے ان کے گھر جاتے ہوئے کہی۔

امیر مقام نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بات چیت کی خواہاں ہے، تاہم افسوس کی بات ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اس سلسلے میں تعاون نہیں کررہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف عدالتوں میں مقدمات زیر سماعت ہیں اور انہیں قانونی فورمز پر ان کا سامنا کرنا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ 9 مئی کے مقدمات کا مسلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق نہیں اور قومی مفادات کے لیے تمام جماعتیں مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے یوم استحصال کشمیر کے احتجاج کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم نے انہیں مسترد کر دیا ہے، اور اب یوم آزادی پر احتجاج کی کال دینا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔

امیر مقام نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت بھارت اور اسرائیل کو خوش کرنے کے لیے یوم آزادی پر ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اس بار یوم آزادی کو بھرپور انداز میں مناتے ہوئے پاکستانی افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے گی۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ کو حب الوطنی کی بنیاد پر ووٹ دیا ہے اور آئندہ بھی ملک کی قیادت مسلم لیگ (ن) کے پاس رہے گی۔
 

ٹیگز: