Wed, September 16, 2026

یوریشیا ہائر ایجوکیشن سمٹ: پاکستان کی "ایجوکیشن ڈپلومیسی" کا عالمی اعتراف: استنبول میں ڈاکٹر سمیرا رحمان اور ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان کی تاریخی کامیابی

یوریشیا ہائر ایجوکیشن سمٹ: پاکستان کی

استنبول: پاکستان نے بین الاقوامی تعلیمی افق پر اپنی فکری برتری کا لوہا منوا لیا ہے۔ استنبول میں منعقدہ یوریشیا ہائر ایجوکیشن سمٹ میں پاکستانی وفد کی غیر معمولی پذیرائی نے ثابت کر دیا ہے کہ ملک اب عالمی سطح پر تعلیمی پالیسی سازی اور کردار سازی کی قیادت کر رہا ہے۔
سمٹ کا سب سے متاثر کن پہلو سپیریئر یونیورسٹی کی ریکٹر اور ممبر ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان کا کلیدی خطاب تھا۔ انہوں نے جدید دنیا کے قیادت کے بحران کا حل سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں پیش کیا۔ ڈاکٹر سمیرا رحمان نے "Leading with Character" کے عنوان سے واضح کیا کہ جامعات کا اصل ہدف صرف ڈگری یافتہ افراد نہیں بلکہ اخلاقی طور پر مضبوط نوجوان تیار کرنا ہے۔ ان کے اس جملے نے کہ "پاکستان کے پاس دنیا کو سنانے کے لیے ایک متاثر کن کہانی ہے"، عالمی مندوبین کو پاکستان کی نئی اور مثبت شناخت کا گرویدہ بنا لیا۔
چیئرمین ایپ سپ (APSUP) پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان کی قیادت میں وفد نے ترکیہ، عرب ممالک اور یورپی جامعات کے ساتھ اہم پیش رفت کی۔ ترکیہ کی کونسل آف ہائر ایجوکیشن نے پاکستان کو 500 مشترکہ تحقیقی منصوبوں میں شمولیت کی دعوت دے دی۔
 پاکستان، ترکیہ اور عرب ممالک کے درمیان "یورپ-ایشیا-عرب تعلیمی راہداری" کے قیام پر اتفاق کیا گیا، جو خطے میں علم کے تبادلے کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہوگا۔پروفیسر  ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے عالمی ریکٹرز کو نومبر 2026 میں پاکستان آنے کی دعوت دی، جسے تمام ممالک نے گرمجوشی سے قبول کیا۔پاکستانی پویلین پر عالمی وفود کا تانتا بندھا رہا، جہاں امریکہ، برازیل، رومانیہ، انڈونیشیا اور بلغاریہ کی جامعات نے پاکستانی یونیورسٹیوں کے ساتھ ریسرچ اور دوطرفہ تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے۔ڈاکٹر سمیرا رحمان کے فکری خطاب نے عالمی ماہرین تعلیم کے دل جیت لیے۔

ٹیگز: