Wed, September 16, 2026

وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا گجرات میں سیلابی پانی کی نکاسی میں تیزی آنے پر خوشی اور اطمینان

وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا گجرات میں سیلابی پانی کی نکاسی میں تیزی آنے پر خوشی اور اطمینان

گجرات :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گجرات میں سیلابی پانی کی نکاسی میں تیزی آنے پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے کرم سے گجرات شہر میں پانی کی سطح تیزی سے کم ہو رہی ہے اور حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ صرف ایک دن میں پانی کی سطح میں دو فٹ کمی آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ریسکیو آپریشن مؤثر انداز میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوارہ چوک کلیئر ہو چکا ہے اور انشاء اللہ جلد پورا شہر اس مشکل سے نکل آئے گا۔

مریم نواز نے سیلاب سے نمٹنے والے تمام سرکاری اداروں، افسران اور فیلڈ اسٹاف کی محنت کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔

بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ سیلابی پانی کے بہاؤ کو موڑنے کے لیے لورائی کے مقام پر کام جاری ہے اور اگر مزید بارش ہوئی یا پانی میں اضافہ ہوا تو اس مقام کو محفوظ رکھنے کے لیے عملہ اور سامان مکمل تیار ہے۔

مزید بتایا گیا کہ واسا، محکمہ آبپاشی، اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران فیلڈ میں کام کر رہے ہیں، پانی کے بہاؤ میں رکاوٹوں کی نشاندہی ڈرون کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ ماہرین کی ٹیم مستقبل کے لیے منصوبہ بندی بھی کر رہی ہے تاکہ ایسی صورتحال دوبارہ پیش نہ آئے۔
آخر میں یہ بھی بتایا گیا کہ گجرات میں واسا کو ایک باقاعدہ ادارہ بنایا جا رہا ہے تاکہ نکاسی آب، صفائی اور سیوریج کے مسائل مستقل طور پر حل کیے جا سکیں۔

ٹیگز: