ٹیکساس : ریاست ٹیکساس میں امریکی ماہرین حیاتیات نے ایک نایاب اور منفرد قسم کے پرندے کی موجودگی کی تصدیق کی ہے، جو بظاہر گرین جے اور بلیو جے جیسے دو مختلف پرندوں کی مخلوط نسل معلوم ہوتا ہے۔
یونیورسٹی آف ٹیکساس آسٹن کے محققین نے اس پرندے کا مشاہدہ کرتے ہوئے ایک تحقیقاتی فلم بھی تیار کی ہے۔ تحقیق کے مرکزی رکن، برائن اسٹوکس کے مطابق، "یہ امکان ہے کہ دونوں پرندوں کی اقسام ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث ایک ہی خطے میں آ بسیں، اور اسی قربت سے ان کا ملاپ ممکن ہوا۔"
یاد رہے کہ گزشتہ صدی کے وسط تک گرین جے جیسا پرندہ صرف میکسیکو سے جنوبی ٹیکساس تک محدود تھا، جبکہ بلیو جے مشرقی امریکا میں پایا جاتا تھا اور مغرب میں ہیوسٹن تک ہی محدود تھا۔
تاہم وقت کے ساتھ، ماحولیاتی عوامل کے باعث دونوں پرندے اپنی سرحدیں پار کر کے ایک دوسرے کے قریب تر آ گئے، جس سے ان کے ملاپ کا امکان پیدا ہوا۔ اس عمل نے ایک نئی، نایاب نسل کو جنم دیا، جو ماہرین کے لیے دلچسپی کا باعث بن گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ دریافت ظاہر کرتی ہے کہ موسمیاتی تبدیلیاں صرف موسم کو ہی نہیں، بلکہ جانوروں اور پرندوں کے قدرتی رویوں اور ارتقائی راستوں کو بھی متاثر کر رہی ہیں۔