Wed, September 16, 2026

بھارتی حملے میں 31 بے گناہ شہری شہید، 57 زخمی ہوئے:ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارتی حملے میں 31 بے گناہ شہری شہید، 57 زخمی ہوئے:ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی بزدلانہ حملے میں اب تک 31 افراد شہید اور 57 زخمی ہو چکے ہیں۔

انہوں نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ دشمن نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، جو کہ قابلِ مذمت ہے۔ بھارت اتنا کمزور ہے کہ ہماری فوج کا سامنا کرنے کے بجائے نہتے عوام پر حملہ آور ہوا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کیا یہ معصوم بچے اور شہری دہشت گرد ہیں؟ بھارت کا چہرہ دنیا کے سامنے بےنقاب ہو چکا ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے بھارت کی پراکسیز پہلے ہی سرگرم تھیں اور اب وہ براہِ راست دہشت گردی پر اتر آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی افواج نے ذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے صرف عسکری اہداف کو نشانہ بنایا۔ دشمن کی طرز پر ہم نے عام شہریوں کو نقصان نہیں پہنچایا۔ پاک فضائیہ نے 5 بھارتی جنگی طیارے، جن میں 3 رافیل بھی شامل تھے، تباہ کیے۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا، اور بھارت کے سات ڈرونز بھی تباہ کیے گئے جن میں سے دو کو پاک فوج نے تحویل میں لے لیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو نشانہ بنایا، جو جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ عوامی تنصیبات کو نشانہ بنانا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے قوم کو یقین دلایا کہ افواج پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کو اپنی قوم پر فخر ہے اور قوم اپنی افواج کے ساتھ مکمل طور پر یکجہت ہے۔

"معصوم شہریوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا"، ترجمان پاک فوج کا عزم۔

ٹیگز: