اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ رات جارحیت کا ارتکاب کرکے ایک خطرناک غلطی کی ہے، جس کے نتائج اسے ضرور بھگتنے پڑیں گے۔
قوم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے دشمن کے پانچ جنگی جہازوں کو نشانہ بنا کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، اور یہ ثابت کیا کہ ہماری قوم کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے سے پیچھے نہیں ہٹتی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت یہ سمجھ بیٹھا تھا کہ پاکستان دباؤ میں آ جائے گا، لیکن ہماری افواج نے وہ طیارے جو بھارتی غرور کی علامت تھے، راکھ میں بدل دیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم اپنے شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے، اور اپنے دفاع کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فضاؤں میں دشمن پر اپنی برتری ثابت کر دی، اور اپنے دائرۂ اختیار میں رہتے ہوئے دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور وہ ہر مشکل وقت میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔