لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی ہے، جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور معاشی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے قائدِ تحریک کو ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال، مالیاتی اشاریوں اور حکومت کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ اصلاحاتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے معاشی استحکام کے لیے اٹھائے گئے قدمات اور عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ ہونے والی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی فضا، اتحادی جماعتوں کے ساتھ تعلقات اور مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل پر غور کیا۔ میاں نواز شریف نے معاشی بہتری کے لیے حکومتی کوششوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ پالیسیوں کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لیے ریلیف کے عمل کو تیز کیا جائے۔
ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملک میں سیاسی استحکام معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، اور حکومت اپنی تمام تر توجہ مہنگائی میں کمی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز رکھے گی۔