Wed, September 16, 2026

دلی سرکار کے خلاف ’جین زی‘ کا محاذ؛ امتحانی سکینڈلز پر ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کا ملک گیر احتجاج

 دلی سرکار کے خلاف ’جین زی‘ کا محاذ؛ امتحانی سکینڈلز پر ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کا ملک گیر احتجاج

نئی دہلی:بھارت میں تعلیمی بدعنوانی، پیپرز لیک ہونے کے پے در پے واقعات اور سیاسی نظام کی عدم توجہی نے نوجوان نسل کو سڑکوں پر آنے پر مجبور کر دیا ہے۔ ’جین زی‘ (Gen Z) یعنی جدید ترین نسل کے طلبہ نے روایتی سیاسی جماعتوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے نام سے ایک توانا اور غضبناک احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیا ہے، جس نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

قطر کے نامور عالمی جریدے ’’الجزیرہ‘‘ نے بھارتی نوجوانوں کے اس غیظ و غضب کو دنیا بھر میں نمایاں کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بھارت کا تعلیمی ڈھانچہ اندر سے کھوکھلا ہو چکا ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، احتجاجی مظاہروں کے دوران مودی سرکار کے پالتو میڈیا، جسے مقامی زبان میں ’گودی میڈیا‘ کہا جاتا ہے، کے خلاف شدید ترین نعرے بازی کی گئی۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ یہ میڈیا نوجوانوں کی بے روزگاری اور برباد ہوتے مستقبل پر بات کرنے کے بجائے دن رات حکومتی قصیدے پڑھنے میں مصروف ہے، اس لیے اب اس کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔
مظاہرین نے تعلیمی بورڈز کی نااہلی اور امتحانات کی شفافیت برقرار نہ رکھنے پر مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلبہ رہنماؤں نے اعلان کیا کہ وزیرِ تعلیم کا فوری استعفیٰ ہمارا پہلا اور غیر مشروط مطالبہ ہے۔ جب تک نااہل قیادت گھر نہیں جاتی، احتجاج کا یہ سلسلہ تھمنے والا نہیں ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق، اس تحریک کا نام ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ رکھنا موجودہ کرپٹ سیاسی اشرافیہ پر ایک گہرا طنز ہے۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ نظام میں جتنا بھی گند ہو، یہ سیاسی کاکروچ ہمیشہ زندہ بچ نکلتے ہیں، لیکن اب نئی نسل ان کا احتساب کرے گی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اس اچھوتے احتجاج نے حکومت کو شدید دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے۔

ٹیگز: