Wed, September 16, 2026

اسلام آباد میں باجے بیچنے اور بجانے پر پابندی، انتظامیہ کی ہدایت پر سخت کارروائیاں شروع

اسلام آباد میں باجے بیچنے اور بجانے پر پابندی، انتظامیہ کی ہدایت پر سخت کارروائیاں شروع

اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ نے یومِ آزادی کے موقع پر شہر میں شور و غل اور عوامی شکایات کے پیش نظر باجوں کی خرید و فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد شہریوں کو غیر ضروری شور سے بچانا اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر فیلڈ میں جا کر کارروائیاں شروع کریں اور کسی بھی خلاف ورزی پر بلا امتیاز ایکشن لیا جائے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر کسی بھی علاقے سے باجے برآمد ہوئے تو اس علاقے کے متعلقہ افسر کو جواب دہ ٹھہرایا جائے گا۔ اس پابندی کے دوران روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جائے گی اور کارروائیاں یومِ آزادی (14 اگست) تک جاری رہیں گی۔

انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ جو افراد اس پابندی کی خلاف ورزی کریں گے، ان کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ضابطوں پر عمل کریں اور ایسے سامان کی خریداری سے گریز کریں جو عوامی تکلیف کا باعث بنے۔

 
 

ٹیگز: