نیویارک : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے تعریفی کلمات کا تذکرہ کرتے ہوئے اسے اپنی سفارتی کامیابیوں کی بڑی سند قرار دے دیا ہے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے اعتراف نے ثابت کر دیا کہ ان کی پالیسیاں امن عالم کے لیے کتنی ناگزیر تھیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے خطاب یا گفتگو کے دوران شہباز شریف کے بیان کو دہراتے ہوئے کہاوزیراعظم پاکستان نے برملا کہا کہ ٹرمپ وہ شخص ہے جس نے کروڑوں لوگوں کی جان بچائی۔ کسی عالمی لیڈر کی طرف سے ایسے الفاظ سن کر مجھے دلی خوشی ہوئی ہے۔
امریکی صدر نے اپنی گفتگو میں چند بڑے دعوے بھی سامنے لائے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے دورِ اقتدار میں 8 جنگیں رکوا کر تاریخ رقم کی، ایسا کام ان سے پہلے کوئی اور امریکی صدر نہ کر سکا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ انہی خدمات کی بنیاد پر انہیں دنیا کے معتبر ترین 'نوبیل امن انعام' کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ صدر نے مستقبل کے حوالے سے اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مشن ابھی ادھورا ہے اور وہ ایک اور بڑی جنگ ختم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔