لاہور: ملک کے مختلف شہروں میں یومِ دفاع کے موقع پر نشانِ حیدر پانے والے شہداء کے مزارات پر دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں۔ افواجِ پاکستان کے افسران نے شہداء کے مزارات پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
گجرات میں میجر عزیز بھٹی شہید، جہلم میں میجر محمد اکرم شہید، صوابی میں کرنل شیر خان شہید اور بورے والا میں میجر طفیل محمد شہید کے مزارات پر خصوصی تقریبات ہوئیں۔
گوجر خان میں کیپٹن محمد سرور شہید کے مزار پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جبکہ محفوظ آباد میں لانس نائیک محمد محفوظ شہید اور راولپنڈی میں سوار محمد حسین شہید کے مزارات پر بھی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ غذر میں حوالدار لالک جان شہید کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
یومِ دفاع پر قوم نے وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کیا۔