Wed, September 16, 2026

امریکی سینٹرل کمانڈ اور ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیم کا این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ ، موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے تدارک پر تبادلہ خیال

امریکی سینٹرل کمانڈ اور ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیم کا این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ ، موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے تدارک پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی قیادت میں امریکی سینٹرل کمانڈ اور ڈیزاسٹر ریسپانس گروپ نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (NEOC) کا دورہ کیا۔ دورے کے دوسرے دن امریکی محکمہ خارجہ کی ایشیا کے لیے ڈیزاسٹر ایکسپرٹ ایوانا ووکو اور ان کی ٹیم نے مشاورتی اجلاس میں حصہ لیا۔

دو روزہ اجلاس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے حکمت عملیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وفد کو NEOC کی صلاحیتوں، پیشگی وارننگ سسٹم اور بین الاقوامی امداد و تعاون کے طریقہ کار پر جامع معلومات فراہم کیں۔

اجلاس میں این ڈی ایم اے کی جانب سے عالمی شراکت داری، پیشگی حفاظتی اقدامات اور بین الاقوامی فرضی مشقوں (CISE) کے ذریعے غیر ملکی و علاقائی ممالک کے ساتھ مشترکہ تیاری کے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ علاوہ ازیں، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز اور سیلاب کی پیشگی وارننگ کے نظام کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

نیٹلی بیکر نے این ڈی ایم اے کے جدید ڈیزاسٹر مینجمنٹ ماڈل اور CISE جیسی مشترکہ سرگرمیوں کو خطے کے لیے بہترین مثال قرار دیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ امریکہ 2025 کے ممکنہ سیلاب کے دوران پاکستان کی امدادی کوششوں، بشمول سامان کی فراہمی، تکنیکی ماہرین کی تعیناتی اور فلاحی اداروں کے تعاون کو بھرپور طور پر سپورٹ کرے گا۔

لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک فرینک نے این ڈی ایم اے کے متحرک اقدامات اور NEOC کے مرکزی کردار کی تعریف کی اور کہا کہ یہ اقدامات خطے کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مزید بہتر بنائیں گے۔

امریکی وفد نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ آفات سے بچاؤ کے حوالے سے تعاون کو مزید فروغ دیں گے اور مشترکہ فرضی مشقوں کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے خطے کو محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

ٹیگز: