Wed, September 16, 2026

آرمی چیف نے بھارت سے واپس بھیجے گئے دوبیمار بچوں کے علاج کی ذمہ داری لےلی

آرمی چیف نے بھارت سے واپس بھیجے گئے دوبیمار بچوں کے علاج کی ذمہ داری لےلی

راولپنڈی :  بھارت کی جانب سے دل کے عارضے میں مبتلا دو پاکستانی بچوں کو علاج کے دوران ملک بدر کیے جانے کے بعد، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ان بچوں کے علاج کی مکمل ذمہ داری اٹھا لی ہے۔ دونوں بچوں کا اب راولپنڈی کے اے ایف آئی سی اسپتال میں مفت اور اعلیٰ معیار کا علاج جاری ہے۔

سندھ سے تعلق رکھنے والے شاہد احمد نے بتایا کہ ان کے دونوں بچے پیدائشی طور پر دل کی بیماری میں مبتلا ہیں۔ وہ ان کے علاج کے لیے 21 اپریل کو بھارت کے شہر فرید آباد گئے تھے۔ ٹیسٹ اور سرجری کی تیاری مکمل ہو چکی تھی، لیکن 23 اپریل کو بھارتی حکام نے انہیں 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

شاہد احمد کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کا یہ رویہ غیر انسانی اور افسوسناک تھا۔ انہوں نے کہا، “مودی حکومت نے بیماری کی حالت میں بچوں کو نکال کر انسانیت کی تمام حدیں پار کر دیں۔” انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی فوری مداخلت کی بدولت بچوں کو پاکستان میں بہترین علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

اے ایف آئی سی کے ڈاکٹر محبوب سلطان کے مطابق دونوں بچے "Tetralogy of Fallot" نامی ایک پیچیدہ بیماری میں مبتلا ہیں، جس میں دل میں سوراخ اور پھیپھڑوں کی نالیاں متاثر ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بیماری کا کامیاب علاج پاکستان میں ممکن ہے۔ بریگیڈیئر ڈاکٹر خرم اختر نے بتایا کہ بچوں کی سرجری مرحلہ وار کی جائے گی اور علاج عالمی معیار کے مطابق ہوگا۔

ٹیگز: