Wed, September 16, 2026

آسٹریلیا میں غیر ملکی حشرات کی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی

آسٹریلیا میں غیر ملکی حشرات کی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی

سڈنی: آسٹریلیا میں ایک بڑے آپریشن کے دوران حکام نے ایک بریڈر کے پاس سے ایک لاکھ سے زائد زندہ کاکروچ برآمد کر لیے، جسے ملک میں غیر ملکی غیر فقاریہ جانداروں کی اب تک کی سب سے بڑی ضبطی قرار دیا جا رہا ہے۔

سرکاری حکام کے مطابق یہ کارروائی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے شہر باتھرسٹ میں کی گئی، جہاں ایک تجارتی افزائش کار کے قبضے سے مڈغاسکر ہِسنگ اور ڈوبیا نسل کے کاکروچوں کی بھاری تعداد قبضے میں لی گئی۔ برآمد کیے گئے حشرات کی مالیت تقریباً دو لاکھ آسٹریلوی ڈالر، یعنی پاکستانی کرنسی میں تقریباً چار کروڑ روپے کے برابر بتائی گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مڈغاسکر ہِسنگ کاکروچ دنیا کی بڑی اقسام میں شمار ہوتا ہے، جس کی جسامت 5 سے 8 سینٹی میٹر تک ہو سکتی ہے۔ متعلقہ ادارے کی جانب سے جاری تصاویر میں یہ حشرہ اپنے غیر معمولی حجم کے باعث انسانی انگلی سے بھی بڑا دکھائی دیتا ہے۔

حکام کے مطابق یہ کاکروچ آسٹریلیا میں عام طور پر پائے جانے والے کاکروچوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑے ہیں، کیونکہ مقامی اقسام کی لمبائی عموماً 2 سے 4 سینٹی میٹر کے درمیان ہوتی ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ آسٹریلیا کا معتدل گرم اور نم آب و ہوا والا ماحول کاکروچوں کی افزائش کے لیے انتہائی سازگار ہے، یہی وجہ ہے کہ ملک بھر میں ان کی سینکڑوں اقسام موجود ہیں۔ حکام اس معاملے کی مزید چھان بین کر رہے ہیں تاکہ غیر قانونی افزائش اور ممکنہ تجارتی سرگرمیوں کے پس منظر کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔
 

ٹیگز: