Wed, September 16, 2026

جائیداد کا جھگڑا خون میں بدل گیا، بہن قتل، دو بھائی گرفتار

جائیداد کا جھگڑا خون میں بدل گیا، بہن قتل، دو بھائی گرفتار

پاکپتن :پاکپتن میں جائیداد کے تنازع پر دو بھائیوں نے مبینہ طور پر اپنی بہن کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق، مقتولہ کنول بشیر کو اُس کے بھائی عامر اور عاصم نے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ جائیداد میں اپنا قانونی حق مانگ رہی تھی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔

ڈی پی او پاکپتن نے بتایا کہ دونوں بھائیوں کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے، اور مقدمہ قانون کے مطابق آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ   یہ واقعہ نہایت افسوسناک اور شرمناک ہے۔ خواتین کے خلاف کسی بھی قسم کا تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قانون کے مطابق سخت کارروائی ہو گی اور مجرم سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔

واقعے نے خواتین کے وراثتی حقوق اور گھریلو تشدد کے مسائل پر ایک بار پھر سوال اٹھا دیے ہیں، جنہیں حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

ٹیگز: