Wed, September 16, 2026

سعودی عرب سمیت مخؒتلف ممالک میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

سعودی عرب سمیت مخؒتلف ممالک میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

مکہ مکرمہ: آج سعودی عرب سمیت دنیا کے مختلف مسلم ممالک میں عید الاضحیٰ نہایت مذہبی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے۔ لاکھوں مسلمان نمازِ عید ادا کر کے سنتِ ابراہیمیؑ پر عمل کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں مناسکِ حج ادا کرنے والے حجاج کرام نے جمعہ کے روز وادی منیٰ میں رمی جمرات کا عمل مکمل کیا، جس میں شیطان کو کنکریاں ماری جاتی ہیں۔ اس سے قبل جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب کو حجاج نے مزدلفہ میں رات گزاری جہاں انہوں نے رمی کے لیے کنکریاں جمع کیں۔

عید کی سب سے بڑی نمازیں مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں ادا کی گئیں جہاں لاکھوں حجاج اور نمازیوں نے شرکت کی۔ نماز کے بعد امت مسلمہ کی سلامتی، اتحاد اور مظلوم مسلمانوں خصوصاً فلسطینیوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، ترکی، شام، اردن، عمان، عراق، امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں بھی آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔ مختلف شہروں کی ہزاروں مساجد میں نمازیوں نے عید کی نماز ادا کی اور قربانی کے جانور ذبح کیے۔

خطبہ حج، جو کہ مسجد نمرہ میں 9 ذوالحجہ کو دیا گیا، پوری امت مسلمہ کے لیے ایک اہم پیغام تھا۔ مسجد الحرام کے امام، شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ نے اپنے خطبے میں مسلمانوں کو تقویٰ، اتحاد اور صبر کا پیغام دیا اور فلسطینی عوام کے لیے خصوصی دعا کی اپیل کی۔

عید کے دن حجاج نے نماز اور قربانی کے بعد سر منڈوا کر حج کے اہم ارکان کی تکمیل کی۔ یوں یہ دن نہ صرف خوشی کا دن ہے بلکہ قربانی، ایثار اور اطاعت کا عظیم مظہر بھی ہے۔

ٹیگز: