Wed, September 16, 2026

پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 نے بسنت فیسٹیول کیلئے خصوصی حفاظتی پلان تیار کر لیا

پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 نے بسنت فیسٹیول کیلئے خصوصی حفاظتی پلان تیار کر لیا

لاہور : پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 نے بسنت فیسٹیول کے دوران شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے 6 سے 8 فروری تک ایک خصوصی ایمرجنسی پلان مرتب کیا ہے۔ لاہور میں 1200 سے زائد ریسکیورز، 56 ایمبولینسز، 24 فائر وہیکلز اور 300 ریسکیو موٹر بائیکس مختلف اہم علاقوں میں تعینات کی جائیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً مدد پہنچائی جا سکے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق لاہور کے 23 ریسکیو اسٹیشنز کے علاوہ، شہر کے مختلف علاقوں میں 180 خصوصی پوائنٹس بنائے جائیں گے جہاں ایمرجنسی سروسز ہمیشہ دستیاب رہیں گی۔ تنگ گلیوں اور رش والے مقامات پر فوری رسپانس کے لیے ریسکیو موٹر بائیکس کو خاص طور پر تعینات کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ، بسنت کے دوران والڈ سٹی، مزنگ، اچھرہ، شاد باغ اور داتا دربار جیسے علاقوں میں بھی خصوصی ریسکیو ٹیمیں تعینات کی جا رہی ہیں۔ اگر کسی بڑی ایمرجنسی کی صورت میں ضرورت پڑی تو قریبی اضلاع سے فوری بیک اپ ٹیمیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

ترجمان ریسکیو 1122 نے کہا کہ بسنت فیسٹیول کے دوران خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں لیکن روٹین ریسکیو آپریشنز بھی معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔ صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر اور ضلعی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر لاہور تمام سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کے وقت فوری کارروائی کی جا سکے۔

ٹیگز: