لاس اینجلس: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عالمی امن کے لئے ان کی خدمات کے اعتراف میں فیفا امن انعام دیا گیا ہے۔
فیفا کے صدر نے ورلڈ کپ ڈرا کی تقریب کے دوران ٹرمپ کو یہ اعزاز پیش کیا اور ان کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی سمیت مختلف عالمی تنازعات کے حل کی کوششوں کا ذکر کیا۔ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ نے عالمی تنازعات، بشمول پاکستان اور بھارت کی جنگ روکنے میں اہم کردار ادا کیا اور لاکھوں جانوں کو بچایا۔
انہوں نے روانڈہ اور کانگو کی جنگوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان جنگوں میں ایک کروڑ افراد کی جانیں ضائع ہوئیں، اور امریکہ نے ان بحرانوں کو روکنے میں اپنا کردار ادا کیا۔
ٹرمپ نے امریکہ اور کینیڈا کے درمیان مضبوط تعلقات کا ذکر کیا اور میکسیکو کے ساتھ تعلقات کو بھی شاندار قرار دیا۔ عالمی فٹبال ورلڈ کپ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس ایونٹ کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔
فیفا امن انعام کو ایک عظیم اعزاز قرار دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یہ عالمی امن اور انسانیت کے لیے کی گئی کوششوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ اس انعام سے عالمی سطح پر امن اور بین الاقوامی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ دنیا کا سب سے بہترین ملک ہے اور عالمی تعاون کے لیے ہمیشہ آگے رہے گا۔