Wed, September 16, 2026

سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد منظور، پاکستان شہریت ترمیمی بل 2025 بھی پیش

سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد منظور، پاکستان شہریت ترمیمی بل 2025 بھی پیش

اسلام آباد :قومی اسمبلی نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کر لی۔ قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد سوشل میڈیا کے درست استعمال کے لیے قوانین وضع کرے اور ڈیجیٹل حقوق، قواعد، اور اخلاقیات کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے اقدامات کرے۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان شہریت ترمیمی بل 2025 قومی اسمبلی میں پیش کیا۔ پی ٹی آئی کے رکن شہریار آفریدی نے بل پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اس کی وضاحت طلب کی۔ طلال چوہدری نے جواب دیا کہ یہ بل سینیٹ اور قائمہ کمیٹی کی منظوری کے بعد پیش کیا گیا ہے اور اس کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے لیے دوہری شہریت کے حوالے سے آسانی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب اوورسیز پاکستانی دوسرے ممالک کی شہریت حاصل کرنے کے لیے پاکستانی شہریت ترک نہیں کریں گے، جیسا کہ پہلے کئی ممالک میں یہ قانون تھا۔

قومی اسمبلی میں موٹر وہیکل انڈسٹری ڈویلپمنٹ بل 2025 پیش کیا گیا، جسے کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل 2025 پیش کیا، جسے اسمبلی نے منظور کر لیا۔ اس کے علاوہ، رانا تنویر حسین نے نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی آرڈیننس 2025 پیش کیا۔

پیپلز پارٹی کے رکن سید نوید قمر نے حکومت پر اعتراض کیا کہ جب پارلیمنٹ کا سیشن چل رہا ہو تو آرڈیننسز کا مسلسل پیش کیا جانا پارلیمنٹ کی طاقت کو کمزور کرتا ہے۔ تاہم، رانا تنویر حسین نے جواب دیا کہ آرڈیننس آئین کا حصہ ہیں اور صرف ضرورت کے تحت جاری کیے جاتے ہیں۔

اسمبلی اجلاس کے دوران، تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن سے متعلق سوالات پر پارلیمانی سیکرٹری نے انکشاف کیا کہ انہیں ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے بریفنگ فراہم نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے وہ اس معاملے پر پریشان ہیں۔

ٹیگز: