برسلز : یورپی یونین نے چین پر روس کو مبینہ فوجی مدد فراہم کرنے کے الزام میں پابندیاں عائد کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ بین الاقوامی جریدے پولیٹیکو کے مطابق، یورپی فیصلہ رائٹرز کی اس رپورٹ کی بنیاد پر زیر غور ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چین روس کو جنگی سامان اور ٹیکنالوجی فراہم کر رہا ہے۔
چین نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ بیجنگ کا مؤقف ہے کہ وہ یوکرین جنگ میں غیر جانبدار ہے اور کسی فریق کو عسکری مدد فراہم نہیں کر رہا۔
دوسری جانب یورپی سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ چین کی معاونت کے بغیر روس کی جنگی حکمت عملی اور میدان میں موجودگی اتنی مؤثر نہ ہوتی۔ ان کے مطابق، اگر شواہد مزید واضح ہوئے تو چین کے خلاف اقتصادی پابندیوں سمیت دیگر اقدامات ممکن ہیں۔