دوحہ: صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون چین سے تعلقات ہیں اور چین نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔ یہ بات انہوں نے چین کے نائب صدر ہان ژنگ سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہر موسم میں مستحکم رہے ہیں۔ انہوں نے چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ہر مشکل وقت میں چین کا تعاون حاصل رہا ہے۔
چینی نائب صدر ہان ژنگ نے اس موقع پر پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں اور علاقائی امن کے لئے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی اور یقین دلایا کہ چین سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاکستان کے ساتھ ترقی کے منصوبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔ ان منصوبوں میں ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر، آئی ٹی، زراعت اور ووکیشنل تربیت جیسے شعبے شامل ہوں گے۔
صدر زرداری نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کو پاکستان کی ترقی کا ایک نیا دور قرار دیتے ہوئے چین کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی معیشت کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ باہمی اعتماد اور احترام کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے اور عالمی سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔