گوہاٹی/نئی دہلی: بھارتی فضائیہ کا ایک جدید ترین لڑاکا طیارہ سخوئی 30 ایم کے آئی (Su-30 MKI) ریاست آسام کے دشوار گزار علاقوں میں پرواز کے دوران لاپتہ ہو گیا ہے۔ دفاعی حکام نے طیارے اور اس میں سوار دو پائلٹس کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے نے آسام کے ایئربیس سے تربیتی پرواز بھری تھی، تاہم اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد اس کا زمینی کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ دفاعی حکام نے تصدیق کی ہے کہ طیارے کا آخری رابطہ شام 7 بج کر 42 منٹ پر ہوا، جس کے بعد وہ اچانک ریڈار سکرین سے غائب ہو گیا۔
آسام کے ضلع کاربی آنگلونگ کے مقامی رہائشیوں نے دور دراز پہاڑی سلسلے میں ایک زوردار دھماکے کی آواز سننے کی اطلاع دی ہے، جس سے طیارے کے گر کر تباہ ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔بھارتی فضائیہ نے پائلٹس کی تلاش کے لیے ہیلی کاپٹرز اور خصوصی ٹیمیں روانہ کر دی ہیں۔ تاہم، علاقہ گھنے جنگلات اور بلند و بالا پہاڑوں پر مشتمل ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
سخوئی 30 ایم کے آئی بھارتی فضائیہ کا سب سے اہم اور جدید ترین لڑاکا طیارہ تصور کیا جاتا ہے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے طیارے کا ریڈار سے غائب ہونا ایک سنگین تکنیکی یا ہنگامی صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔
بھارتی فضائیہ نے تاحال طیارے کی تباہی کی باقاعدہ تصدیق نہیں کی ہے، تاہم سرچ آپریشن تیزی سے جاری ہے تاکہ پائلٹس کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔