اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کو ٹیلی فون کیا، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ سنگین صورتحال اور اسرائیل کی جانب سے ایران و خلیجی ممالک پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کے دوران دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی قوانین کا احترام ہی پائیدار امن کی ضمانت ہے۔
دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے کے لیے درج ذیل نکات پر اتفاق کیا۔ تمام فریقین فوری طور پر دشمنی کا خاتمہ کریں۔ خطے کو بڑی تباہی سے بچانے کے لیے تمام فریق انتہائی صبر و تحمل سے کام لیں۔ اختلافات کو بندوق کے بجائے سفارت کاری اور بامقصد بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔
وزیراعظم پاکستان نے ایران کے خلاف اسرائیلی اقدامات کو خطے کے امن کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا اور برادر خلیجی ممالک کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ملائیشیا عالمی فورمز پر امن کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔