اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جماعت اسلامی کے وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت حافظ نعیم الرحمان نے کی۔ وفد میں لیاقت بلوچ، میاں محمد اسلم اور آصف لقمان قاضی بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران، وزیراعظم نے وفد کو افغانستان، ایران، مشرق وسطیٰ اور خلیج کے موجودہ حالات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ وفد کو پاکستان کی سفارتی کوششوں اور اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
ملاقات میں وفد کو ایران اور خلیج ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں کی طرف سے پاکستانیوں کی سہولت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی بھی معلومات دی گئیں۔
اس موقع پر نائب وزیرِاعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ، رانا مبشر اقبال، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ اور وزیرِ مملکت طلال چودھری بھی ملاقات میں شریک تھے۔