Wed, September 16, 2026

پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن: پاک فوج کی کاری ضرب، بھارت نواز نیٹ ورک کے 6 دہشت گرد ڈھیر، ٹھکانے مسمار

پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن: پاک فوج کی کاری ضرب، بھارت نواز نیٹ ورک کے 6 دہشت گرد ڈھیر، ٹھکانے مسمار

راولپنڈی/پنجگور :بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خطرناک نیٹ ورک کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے آپریشن کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کارروائی ٹھوس خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ان کے متعدد ٹھکانوں کو بیک وقت نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران تمام 6 دہشت گرد مارے گئے، جو علاقے میں ٹارگٹ کلنگ اور تخریب کاری کی مختلف وارداتوں میں مطلوب تھے۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے جدید خودکار اسلحہ، گراؤنڈ لانچڈ بارودی مواد، گولہ بارود اور ایک گاڑی برآمد ہوئی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر کے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے 'فتنہ الہندوستان' کے نیٹ ورک کے خلاف اس بروقت اور کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے اپنے تہنیتی بیان میں کہا کہ سرحد پار بیٹھے آقاؤں کے اشارے پر پاکستان کا امن تباہ کرنے والے دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، اور سکیورٹی فورسز ملک سے دشمن کے آلہ کاروں کا مکمل صفایا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ٹیگز: